• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا ، گلگت میں بارشوں سے 11 افراد ہلاک

Kpk Gilgit Rains Killed 11 People
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہےجبکہ پہاڑوں پر برفباری سے متعدد مقامات پر راستے بند ہوگئے، شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 11افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔

مالاکنڈ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے ،شانگلہ میں 2مکانات پر پہاڑی تودہ گرنےسےساس،بہو اور ایک بچہ موقع پر ہی جاں بحق اورچھ افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔

مالاکنڈ ایجنسی میں بارش کےباعث مکان کی چھت گرنےسےایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،سوات کی تحصیل کبل میں سیلابی ریلے میں 2 خواتین بہہ گئیں ،دونوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں بارش سے ایک مکان کی چھت گرنےسے 9 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوگیا ۔استور اور ہنزہ میں بارش اور برفباری کی وجہ سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں ۔

کوہستان میں موسلادھار بارش اورلینڈسلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ہربن کوہستان سمیت مختلف مقامات پربند ہوگئی ہے۔ادھرچلاس کے نواحی علاقے جچن میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 خواتین زخمی ہوگئیں ۔
تازہ ترین