• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ، ٹریفک رش کم کرنے کیلئے نیا بس سسٹم متعارف کرانےپر غور

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ٹریفک رش کو کم کرنے کیلئے لاہور کی طرز پرنیا بس سسٹم متعارف کرانےپر غور کیا جارہا ہےجس کیلئے ٹریفک سروے شروع کردیا گیا ہے تاکہ ویگنوں،رکشوں اورسوزوکیوں کا بڑی شاہراہوں پر رش کم کیا جاسکے۔چھوٹی ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے دباؤکے باعث شہر میں پارکنگ بھی سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے۔پنجاب حکومت کی ہدایت پر کمشنر راولپنڈی نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے کہا ہےکہ وہ شہر کے تمام راستوں کا سروے شروع کریں تاکہ سوزوکی اور ویگنوں کو جدید بسوں سے تبدیل کیا جاسکے۔نئے ٹرانسپورٹ سسٹم کیلئےسرمایہ کاروں کو بھی سرمایہ کاری کیلئےدعوت دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نئی پبلک ٹرانسپورٹ پہلے مرحلے میں بڑی سڑکوں پر شروع کی جائے گی ۔ کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ نئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو کنٹونمنٹ کے علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا ۔ حکومت پہلے ہی نیو اسلام آباد ائرپورٹ کے لئے روات اور کرال چوک سے دو روٹس کا تعین کرچکی ہے۔جس کیلئے ٹرانسپورٹرز اور سرمایہ کاروں سے پیش کشیں طلب کی جاچکی ہیں۔ذرائع کے مطابق اس وقت شہر کے 32 مختلف راستوں پر 5ہزار سے زیادہ سوزوکیاں ہیں اور آٹھ روٹس پر 25سو کے لگ بھگ ویگنیں چل رہی ہیں۔ نئے بس ٹرانسپورٹ سسٹم کیلئے نئے روٹس بھی منظور کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت اپنے اس منصوبہ پر کس حد تک کامیاب ہوتی ہے یہ ابھی کہنا ممکن نہیں لیکن ماضی میں راولپنڈی میں چلائی جانے والی بس سروس کامیاب نہیں ہوسکی اور چھوٹی ٹرانسپورٹ اور بس روٹ کمپنی کے جھگڑے ریکارڈ پرموجود ہیں۔
تازہ ترین