اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ نے کراچی کی سب سے زیادہ خدمت کی ہے۔
کراچی میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا دل ہے، ن لیگ نے شہر قائد کی خدمت کی ہے، شہر کی 25 سالہ تاریخ میں ہماری حکومت نے سب سے زیادہ منصوبے شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ ہم نے شروع کیا، کراچی۔حیدر آباد موٹر وے بنایا، 50 ملین گیلن ڈی سیلینیشن پلانٹ کے پیسے بجٹ میں رکھے گئے، جسے اس حکومت نے ختم کردیا، اگر یہ منصوبہ نہ روکا جاتا تو آج شہر میں پانی کا بحران نہ ہوتا۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہمیں شرم آرہی ہے کہ کراچی کا کیا حل بنادیا گیا ہے، عوام سے وعدہ کرتے ہیں، آپ ہمیں ووٹ دیں ہم کراچی کو لاہور سے زیادہ چمکا کر آپ کے حوالے کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے منصوبوں نے بجلی کا بحران ختم کیا، ہماری حکومت میں موٹر ویز بنائے گئے اور بڑے بڑے منصوبے شروع کیے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پچھلے 18 ماہ میں حکومت نے سیاسی انتقام پر زور دیا، چینی اور آٹے سے بڑا اسکینڈل اس وقت کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو عمران خان کے خرچے چلاتے ہیں وہ ملک کو لوٹ کر آگے کی کمائی کر رہے ہیں، حکومت نے اپنی صفوں میں موجود مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔