سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان جاچکا ہے، یہ حکومت ختم ہوچکی، اس کا کوئی وجود نہیں، اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے پاس کوئی اختیار نہیں۔
کراچی میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے حالات تشویشناک ہیں، کوئی شخص بھی عمران خان کی حکومت سے مطمئن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو دکھایا جائے کہ نیب کیسز کی حقیقت کیا ہے، ہمارے دور میں گیس و بجلی کا مسئلہ حل اور سی پیک شروع ہوا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھنا ہوگا اور پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا، عوام کو صاف شفاف انتخابات دینے ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے تجویز دی کہ الیکشن سے پہلے یہ فیصلہ کیا جائے کہ ملک میں اقتدار کیسے چلایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گورننس کا موجودہ ماڈل نہیں چل رہا، اسے بہتر بنایا جائے، یہ عمران کی ناکامی ہے کہ عوام نے انہیں رد کردیا ہے۔
سابق وزیراعظمنے مزید کہا کہ تین چار کرائے کے لوگ رکھے ہوئے ہیں جو سارا دن الٹی سیدھی باتیں کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف بیمار ہیں اس میں کوئی شبہ نہیں، کسی کی بیماری پر طنز کرنا اخلاق سے گری ہوئی بات ہے سیاست نہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اقتدار سے نکالا گیا، سیاست سے الگ کیا گیا، لیکن آج پھر ملکی سیاست کا محور ن لیگ کے قائد ہی ہیں۔