• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی برانڈ کے ٹیکس چوری سگریٹس کا سب سے بڑا ذخیرہ ضبط

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں ایک بڑے گودام پر چھاپہ مار کر ٹیکس چوری کردہ سیگریٹ کا سب سے بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر سگریٹ کی ٹیکس چوری کے خلاف جاری مہم میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹوریٹ آف آئی اینڈ آئی ان لینڈ ریونیو نے آر ٹی او کارپوریٹ ریجن کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں سائٹ گلبائی کے ایک گودام پر چھاپہ مارا اور گودام سے ایک کروڑ 29 لاکھ سگریٹ برآمد کر لیے۔

ڈائریکٹوریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سگریٹ کی ٹیکس چوری کے حوالے سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن ہے، جس کے دوران برآمد ہونے والے سگریٹس کی مالیت 3 کروڑ 56 لاکھ سے زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے سگریٹ بڑے برانڈز کے ہیں جو خیبر پختونخوا سے ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر کراچی لا کر ذخیرہ کے گئے تھے اور پھر یہاں سے انہیں مارکیٹ کو سپلائی کیا جاتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ٹیکس چوری میں بڑی کمپنیاں خود ملوث ہوتی ہیں کیونکہ سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بہت زیادہ ہے، اس لیے فیکٹری سے مال چوری کرکے فروخت کرنے کا رحجان بڑھا ہے، گودام پر چھاپہ خفیہ اطلاع پر مارا گیا، جب سگریٹ ذخیرہ کرنے والوں سے دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔

تازہ ترین