کراچی (صباح نیوز، جنگ نیوز )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مسائل کے حل کے لیے ایک نیا سیاسی کنٹریکٹ کیا جائے، اس کے بعد آزاد اور شفاف الیکشن کرائے جائیں ۔ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سر براہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی حکومت میں سندھ کے شہروں کو کوٹہ ملنا چاہئے، صوبائی ملازمتوں میں ہمارے بچوں کو نوکریاں ملنی چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے کراچی میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگ ن کے وفد میں احسن اقبال ،(ن)لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب، سابق گورنر سندھ اور (ن)لیگ کے نائب صدر محمد زبیر عمر،(ن)لیگ سندھ کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل اور سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور دیگر رہنما شامل تھے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ماضی میں پاکستان میں گورننس کا جو ماڈل رہا ہے وہ پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکا اور وہ ناکام ہو چکا ہے ، وہ نہ سیاسی استحکام دے سکا اور نہ عوام کے مسائل حل کر سکا پہلے اس کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہم نے ڈاکٹرفاروق ستار کو (ن)لیگ میں شمولیت کی دعوت نہیں دی تاہم ہمیں امید ہے ایک دن ضروروہ (ن)لیگ میں شامل ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہم صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اپنے بہت پرانے دوست اور ساتھی ڈاکٹر فاروق ستار کے پاس اپنی باتیں سنانے اور ان کی باتیں سننے کے لئے حاضر ہوئے تھے۔