لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی اسکین رپورٹ کے مطابق انہیں پی سی بی کے میڈیکل پینل نے پانچ دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔نسیم شاہ کے ٹخنے کی انجری کے باعث سندھ کے شہر دادو سے تعلق رکھنے والے31سالہ لیگ اسپنر زاہد محمود کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔نسیم شاہ انجری کے باعث اسکواڈ سے باہرہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ ماضی میں بھی ایک سے زائد انجریز کا شکار رہے ہیں اس لئے پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نےانہیں احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔پنڈی میں دو اوورز کرانے کے بعد نسیم شاہ ٹخنے کی تکلیف کے باعث گراونڈ سے باہر چلے گئے تھے۔نسیم شاہ5 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور زلمی کے خلاف میچ میں بائیں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ نسیم شاہ کے اسکینز کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر سہیل سلیم نے انہیں 5 روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے زاہد محمود(سلور کٹیگری) کے نام کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی۔ کمیٹی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان،مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔نسیم شاہ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں میچ سے قبل فزیو کے ساتھ واک کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔وہ بغیر کسی تکلیف کے تیز تیز چہل قدمی کررہے تھے۔