سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد یہاں کورونا کے کیسز کی تعداد 7 ہوگئی۔
سعودی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار ممالک سے تعلق رکھنے والے اقامہ ہولڈر یا نئے ویزے پر آنے والے غیر ملکیوں کو میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے مزید کہا ہے کہ فضائی کمپنیاں یقینی بنائیں کہ سعودی عرب آنے والے مسافروں کے پاس جہاز میں سوار ہونے سے پہلے سرٹیفکیٹ موجود ہو۔
سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین سے آنے والوں کے لیے بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: فرانس، کورونا وائرس سے 16 افراد ہلاک، سیکڑوں متاثر
ان ممالک سے صرف تجارتی مقاصد کے لیے آنے والی گاڑیاں زمینی راستے سے آسکیں گی جبکہ ان ممالک کے مسافر بھی صرف تین ایئر پورٹس پر لینڈ کر سکیں گے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر سعودی عرب میں فٹ بال سمیت تمام کھیلوں میں شائقین کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ کھیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فروخت کیے گئے ٹکٹس کی قیمت واپس کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔