اسلام آباد، ملتان ( آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے، دہلی میں پولیس کی نگرانی میں مسلمانوں کی املاک کو جلایا گیا، بھارت میں پرتشدد واقعات نہ روکے گئے تو پورا برصغیر اس کی لپیٹ میں آجائیگا ، دنیا کو بھارتی بربریت پر آواز اٹھانی چاہیے، دہلی میں مسلمانوں پر مظالم پر پوری دنیا تنقید کر رہی ہے،یورپی پارلیمنٹ میں انڈیا کی انتہا پسندی پر بات ہوگی، کچھ عناصر افغانستان میں امن نہیں چاہتے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہلی میں پولیس کی نگرانی میں مسلمانوں کی املاک کو جلایا گیا، بھارت میں مسیحی برادری پر بھی حملہ ہوا‘ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں بھی تشدد کا نشانہ بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے مسلمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ترک صدر، ایران کے وزیر خارجہ اور ایرانی سپریم لیڈر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔