اسلام آباد(جنگ نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ جو لوگ خواتین کو حقوق دینے میں رکاوٹ ہیں، ان کا مل کر مقابلہ کریں گے، عورت مارچ والی بہنیں خود کو تنہا نہ سمجھیں، میں آپ کیساتھ ہوں۔ تکریم نسواں مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ک، اسلام سے قبل عورت کو برائی کا سرچشمہ سمجھا جاتا تھا، اسلام نے خواتین کو تعلیم کا حق دیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یورپ میں بچیاں باپ کی شفقت سے محروم ہیں، مغرب کی بہنیں بھائیوں کی محبت اور بیویاں شوہروں کی وفاداری سے محروم ہیں مگر اسلام خواتین کو تمام حقوق دیتا ہے اور اسلام ترقی میں رکاوٹ نہیں ہے۔ عورت مارچ سے متعلق سراج الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متنازع نعرے لگانے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، عورت مارچ والی بہنیں خود کو تنہا نہ سمجھیں۔