راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) تاجروں کو تشہیر ی بورڈ کے بھجوائے جانے والے بلوں پر تحفظات کے حوالے سےمرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے وفد نے صدر ملک شاہد غفور پراچہ کی قیادت میں پی ایچ اے چیئرمین آصف محمود سے ملاقات کی۔وفد میں وحید پراچہ ،طارق جدون ،ندیم شیخ،شیخ عبد العابد ، ودیگر بھی موجود تھے۔ ملک شاہد غفور پراچہ نےکہا کہ شہر بھر میں تاجروں کو تشہیری بورڈ کے لاکھوں روپے کے بل بھجواکر بلاوجہ تنگ کیا جارہاہے ،پہلے ہی تاجر مسائل کا شکار ہیں ،تشہیری بورڈ کا ٹھیکیدار جہاں چند سو روپے کا بل بنتا ہے وہ وہاں ہزاروں روپے کا بل بھجوا رہا ہے ،جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں ،ہمارے مسائل کو حل کیا جائے ،اسی طرح دکانوں کے باہرصرف دکانوں کے ناموں پر مشتمل بورڈز کو ٹیکس سے مستثنی دیا جائے ،جس پر چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دھانی کروائی ہے اور کہا ہے کہ تشہیری بلوں کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی ،جس میں تاجر نمائندوں سمیت ،پی ایچ اے کے افسران شامل ہونگے،یہ کمیٹی تمام مسائل کا حل نکالے گی،جہاں ٹھیکیدار کی زیادتی ثابت ہوئی اس کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔