• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کے بعد گھبراہٹ حکومتی ایوانوں میں ہے، حمزہ

مہنگائی کے بعد گھبراہٹ حکومتی ایوانوں میں ہے، حمزہ


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ( ن ) کے نائب صدر اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی ۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمیں چور ،ڈاکو کہنے والوں کے خلاف آج آٹا چور اور چینی چور کے نعرے لگ رہے ہیں، اب گھبراہٹ حکومتی ایوانوں میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں اتنے کم عرصے میں کبھی اتنا زیادہ قرضہ نہیں لیا گیا،لوگ فاقہ کشی پر اتر آئے ہیں اور یہ کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہاکہ یہ سیاسی بقا کی نہیں بلکہ ملکی بقا کی جنگ بن چکی ہے،ڈیڑھ ،پونے دو سال میں کونسا نیا پاکستان بنا؟عوام پرانا پاکستان ڈھونڈتے ہیں انہیں وہ ہی نہیں ملتا۔

ان کا کہنا تھاکہ آج تک حکومتی جماعت میں سے کسی کو احتساب کے لیے سامنے نہیں لایا گیا،ہم نے پہلے دن ہی میثاق جمہوریت پر بات کی پیشکش کی ،جواب میں دوسری طرف سے ہمیں چور ڈاکو لٹیرا کہا گیا۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہاکہ ن لیگی رہنماؤں کو عدالت نے ضمانت دی ، نیب کے پاس ثبوت اور شواہد نہیں ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ نیب جس طرح گرفتار کرتاہے اور جب شواہد کا پوچھیں تو ٹھوس ثبوت نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے صوبہ پنجاب سے ڈینگی ختم کردیا تھا ، ان کے آنے کےبعد ڈینگی پھر آیا ،حکمران آنکھیں بند کرنے سے کام نہ لیں،کورونا وائرس کا تدارک کریں، ، اپوزیشن آپ کے ساتھ ہے ۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مزید کہاکہ معیشت آئی سی یو میں نہیں ہے بلکہ بالکل ختم ہوچکی ہے، حکمران بند کمروں میں میٹنگ کرکے کہتے ہیں ،گھبرائیں نہیں،مہنگائی پر قابو پائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہماری اکثریت ختم کرکے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کو مسلط کیا گیا،جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والے اب سیکریٹریٹ پر لڑرہے ہیں۔

تازہ ترین