سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر دوبارہ حکومت ملی تو پہلا کام قومی احتساب بیورو (نیب) کا خاتمہ ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ( ن ) کے سینئر رہنما نے کہا کہ حکومت کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج نیب کی وجہ سےکوئی افسر فائل پر دستخط کرنے کو تیار نہیں، یہ ادارہ سیاستدانوں کو توڑنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اگر آپ نے کرپشن پکڑنی ہے تو قانون موجود ہے، نیب اندھا قانون ہے اس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب جو کچھ ملک کے ساتھ کر رہا ہے وہ معمولی بات نہیں، احتساب کے ادارے کے موجودہ حالات کے ذمے دار چیئرمین نیب ہی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میرے تمام رشتے داروں اور دوستوں کو بلایا گیا اور کہا کہ فلیٹ تمہارا نہیں بے نامی ہے، میں یہ بات کسی مفروضے پر نہیں کہہ رہا یہ حقیقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب جیل میں تھا تو احسن اقبال کا بیان پڑھا، جس پر میں نے صفائی والے عملے سے کہا کہ برابر والا سیل بھی صاف کر دو کیونکہ احسن اقبال آنے والے ہیں اور دو روز بعد وہ اسی سیل میں آگئے۔