• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کورونا کے مزید 8 کیسز سامنے آگئے، تعداد 13 ہوگئی


کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد کورونا سے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

سندھ  میں اب تک مجموعی طور پر 13 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی۔

ان کا کہنا ہے کہ 5 مریض دوحہ اور شام سے پاکستان پہنچے ہیں جبکہ  3 مریض دبئی کے راستے لندن سے کراچی پہنچے ہیں۔

قبل ازیں محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق کی تھی۔

تاہم کچھ دیر میں ہی کورونا سے متاثرہ مزید 8 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا ایک مریض صحتیاب ہو کر اسپتال سے گھر جا چکا ہے۔

کورونا وائرس کا شکار ہونے والا پاکستان کا پہلا مریض کراچی کا 22 سالہ نوجوان ایران سے واپس آیا تھا اور کراچی پہنچنے پر اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

کورونا وائرس دنیا کے 112 ممالک تک پہنچ گیا

دوسری جانب کورونا وائرس دنیا کے 112 ممالک تک پہنچ چکا ہے، اب تک ایک لاکھ 13 ہزار 770 مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ اموات 4 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں، اس کے علاوہ 62 ہزار 832 مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

فرانس، جرمنی اور اسپین میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسپین میں ایک ہی دن میں مزید 11 افراد جان سے گئے اور 399 نئے مریض سامنے آئے، ایران میں مزید 43 افراد ہلاک اور 595 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ امریکا میں بھی کورونا سے اب تک 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب چین میں صورتحال پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے، پیر کو چین میں کورونا کے صرف 44 نئے مریض سامنے آئے، جبکہ 23 مریض انتقال کر گئے۔

تازہ ترین