محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا کا پانچواں مریض سامنے آگیا ہے جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی سے تعلق رکھنے والا 53 سالہ شخص کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے شام کا سفر کیا تھا اور وہ گزشتہ دنوں قطر کے دارالحکومت دوحا کے راستے کراچی پہنچا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کے ذرائع کے مطابق آج کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے ایک ایسے شخص کے ساتھ سفر کیا تھا جسے گزشتہ روز کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق آج کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے تمام اہل خانہ اور وہ افراد جن سے اس کا تعلق رہا ہے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا ایک مریض صحتیاب ہو کر اسپتال سے گھر جا چکا ہے۔
کورونا وائرس کا شکار ہونے والا پاکستان کا پہلا مریض کراچی کا 22 سالہ نوجوان ایران سے واپس آیا تھا اور کراچی پہنچنے پر اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔
سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 6 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا کہ اُنہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا ہے اور اس کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔