اسلام آباد (ایجنسیاں)ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا‘فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمن شہید ہوگئے۔
دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد ہوا‘صدر‘وزیراعظم ‘ اسپیکر قومی اسمبلی ‘چیئرمین سینیٹ سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں نےدہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خفیہ معلومات پر سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔
جیسے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمن شہید ہوگئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ کرنل مجیب الرحمن کا تعلق ضلع استور کے علاقے بنجی سے تھا اور انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔