لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب سیاسی نہیں ملکی بقا کی جنگ شروع ہو چکی ہے ،نالائق حکمرانوں کے جانے میں ہی ملکی بقا ہے، عوام سر سے لیکر پاؤں تک مہنگائی اور بے روز گاری کی آگ میں جبکہ حکمران سیاسی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے، جھوٹے دعووں اور کھوکھلے وعدوں سے ملک نہیں چل سکتا۔ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت سسکیاں لے رہی اور ڈوب رہی ہے، لوگ بے روزگار ہورہے ہیں،حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لے،تو وہ وقت دور نہیں جب قوم ان کا محاسبہ کرے گی۔