• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوروناوائرس، شام سےآنیوالے مریض سے ملنے والے بھی متاثر ہوئے

صوبائی وزیر برائے تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ شام سے پاکستان آنے والے کورونا وائرس کے مریض سے ملاقات کرنے والے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

سینیٹر سعید غنی نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا کہ ایک کورونا وائرس کا متاثرہ شخص شام سے 10 دن پہلے آیا تھا، اس مریض سے ملنے والے افراد بھی متاثر ہوئے ہیں، کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں سے ملاقات نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکول بند کرنے کا فیصلہ درست تھا، جب اسکول بند کئے تھے اس وقت کورونا وائرس کا پہلا کیس آیا تھا، پہلے ہمارے پاس صرف ایئرپورٹ سے آنے والوں کی فہرست تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق جو بھی اعداد و شمار ہوتے ہیں ہم چھپاتے نہیں، دیگر صوبوں میں جو بھی اقدامات ہورہے ہیں ان کی معلومات ملنی چاہیے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13ہوگئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے چھ مریض بذریعہ دوحہ شام سے پاکستان پہنچے ہیں جبکہ تین مریض دبئی کے راستے لندن سے کراچی پہنچے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ایک مریض کو صحت یاب ہونے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے،اس وقت کورونا وائرس کے 12مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تازہ ترین