• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، یورپ میں ہلاکتیں 500 ہو گئیں، خطرہ سنگین ہوگیا، عالمی ادارہ صحت

کورونا وائرس، یورپ میں ہلاکتیں 500 ہو گئیں


کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کا پھیلاو یورپ میں بھی شدت اختیار کرگیا ، یورپ بھر میں ہلاکتوں کی تعداد512ہوگئی ہے، یورپ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جہاں پیر کے روز مزید 97افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور ہلاکتوں کی تعداد 463ہوگئی ہے۔

اٹلی میں 733مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے،اٹلی میں کورونا کے حفاظتی اقدامات کیخلاف جیل میں قیدیوں نے بغاوت کردی، ہنگامہ آرائی میں 6قیدی ہلاک ہوگئے۔

 ایران میں کورونا وائرس سے مزید 43افراد ہلاک ہوگئے جس میں ایک سابق رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہے، ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 237ہوگئی ہے۔

ایران میں کورونا کے مزید 595مریض سامنے آگئے جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 7ہزار 161ہوگئی ہے ،ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایران کی حکومت نے 70 ہزار قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کر دیا ہے۔

 چین میں کورونا وائرس کے صرف 40نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ 20 جنوری سے اب تک کی کم ترین تعداد ہے، چینی حکام کے مطابق 40 میں سے 4 مریض ایران سے آئے ہیں جبکہ 36کا تعلق ووہان سے ہے۔

 جنوبی کوریائی حکام نے اب تک 69 کیسز رپورٹ کیے ہیں جو کہ دو ہفتوں میں سب سے کم اضافہ ہے۔

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا سے نمٹنے کیلئے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کو مالی امداد کے طور پر ایک کروڑ ڈالر مہیّا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 قبل ازیں سعودی وزارت صحت نے سوموار کی صبح کورونا وائرس کے چار نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے،اس کے بعد مملکت میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد15 ہوگئی ہے۔

امریکا میں ود ارکان اسمبلی ٹیکساس کے سینٹر ٹیڈ کروز اور ایریزونا کے رکن اسمبلی پاول گوزر نے خود کو 14روز کیلئے قرنطینہ کردیا ہے، یہ دونوں ایک ایسے شخص سے ملتے تھے جس میں بعد ازاں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

 عالمی ادارہ صحت نے ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کا خطرہ انتہائی سنگین ہوگیا ہے تاہم کئی ممالک میں حفاظتی اقدامات سے اس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے۔

کورونا 100سے زائد ممالک تک پہنچ چکا ہے، کورونا کے 93فیصد کیسز 4ممالک میں رپورٹ کئے گئے ہیں جن میں چین ، اٹلی ، ایران اور جنوبی کوریا شامل ہیں ، فرانس میںکورونا وائرس سے 21، اسپین میں16، برطانیہ میں5،ہالینڈ میں 3، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی میں دو دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،یورپ میںکورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9ہزار 172یوچکی ہے ، کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی کووڈ انیس بیماری کے دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 10ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 3 ہزار 800سے تجاوز کر گئی ہیں۔ 

صرف چین میں ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار ایک سو انیس ہیں۔ شمالی کوریا میں مبینہ طور پر کورونا وائرس سے 200فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں فوجیوں کو قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے۔

 اقوا م متحدہ کے ماہرین نے شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے عالمی طبی ماہرین کو داخلے کی اجازت دے ، اسکاٹ لینڈ کی وزیرِ اول نِکولا سٹرجن نے کورونا وائرس کے پانچ نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد سکاٹ لینڈ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

 عراق میں شہریوں کو مقدس مقامات کی زیارت نہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد پورے ملک کو لاک ڈائون کردیا گیا۔

 اطالوی وزیراعظم کونٹے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور غیر ضروری سفر سے کریں ، صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو سفر کی اجازت ہوگی ، علاوہ ازیں 3اپریل تک تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں ، تمام عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد رہے گی ۔

تازہ ترین