پاکستان سپر لیگ کا فیور ہر طرف پھیل رہا ہے اور جوں جوں ٹورنامنٹ اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے شائقین کرکٹ سمیت شوبز ستاروں کی بھی پی ایس ایل میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
پی ایس ایل کے سنسنی خیز میچز اور پوائنٹس ٹیبل کی دلچسپ صورتحال نے شائقین سمیت شوبز ستاروں کو میچز نہ صرف ٹیلی ویژن بلکہ اسٹیڈیم آکر دیکھنے پر مجبور کردیا ہے۔
پی ایس ایل کا 24 واں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اداکارہ مہوش حیات نے بھی دیکھا۔ ان کی اسٹیڈیم میں موجودگی کو شائقین نے بھی پسند کیا۔
پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر میچ کی لائیو وڈیوز بھی شیئر کیں۔ دوسری جانب ان کی خود میچ دیکھتے ہوئے تصاویر بھی لوگوں نے شیئر کیں جنہیں بےحد پسند کیا جا رہا ہے۔
مہوش حیات نے میچ جیتنے پر لاہور قلندرز کو مبارک باد دیتے ہوئے پی ایس ایل کے موجودہ سیزن کو سب سے دلچسپ قرار دیا۔ اداکارہ نے قذافی اسٹیڈیم، انتظامات اور تماشائیوں کی تعریف بھی کی۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔