• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف شرم کریں ، پارٹی کے کہنے پر واپس آجائیں، شیخ رشید احمد

شیخ رشید احمد  کی  میڈیا سے گفتگو 


وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف شرم کریں اور اپنی پارٹی کے کہنے پر اب واپس آجائیں۔

شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اب تو شہبازشریف کی اپنی پارٹی ان کی واپسی کا مطالبہ کررہی ہے، شہباز شریف واپس نہ آئے تو مسلم لیگ ن میں مزید دراڑیں پڑیں گی۔

شیخ رشید احمد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف این آر او لیتے رہے ہیں، نواز شرف نے اپنی طبیعت سے متعلق میڈیا کو استعمال کیا، پیپلزپارٹی اور نوازشریف کی پارٹی تھکی ہوئی پارٹیاں ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رنگ پسٹن بیٹھ گئے ہیں ، دونوں پارٹیوں کے کلچ پلیٹ بیٹھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، دونوں پارٹیوں میں کوئی نیا آجاتا ہے تو کہہ نہیں سکتا۔

شیخ رشید احمد کا پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذولفقار علی بھٹو سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مناظرہ کرلے، ذوالفقار بھٹو سلیکٹیڈ وزیراعظم تھے، ذوالفقار علی بھٹو خود ایوب خان کو ڈیڈی کہتے تھے، ذوالفقارعلی بھٹو گیٹ نمبر چار کی پیدوار تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ لطیف کھوسہ جیسے لوگوں کی پارٹی میں کیا حیثیت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن احتجاج کی کال کی تاریخ نہیں دیں گے، آدھا مارچ گزر گیا مولانا فضل الرحمٰن نے کال نہیں دی۔

شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گیس اور پٹرولیم پر عمران خان جلد فیصلہ کرنے والے ہیں ، لوگوں کو امید ہے کہ عمران خان ہی ان کے مسائل حل کرے گا۔

اس دوران انہوں نے گزشتہ دنوں پیش آئے چینی اور آٹے کے بحران سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ چینی چوروں کا پتہ لگانے کے لیے فرانزک کی تیاریاں کی جارہی ہیں، چینی چوروں کے گوداموں تک جایا جائے گا، جلد چینی چوروں کے گوداموں کا پتہ چلایا جائے گا۔

اس سے قبل شیخ رشید احمد نے ایک کالج کی تقریب سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تو مجھے وزارت سے استعفا دینا پڑا تھا، آج دوسری یونیورسٹی اس لیےباآسانی بنائی کہ وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ میرے ساتھ ہیں،تیسری آئی ٹی یونیورسٹی بھی بہت جلد بنائیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں جب مروں تو لوگ کہیں علم دوست شخص دنیا سے چلا گیا۔

تازہ ترین