• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری، امریکا کا اظہار مذمت


امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ برائےجنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے جنگ گروپ، جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

نائب معاون وزیر خارجہ برائےجنوبی اور وسطی ایشیا کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے مالک کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے، ایمینڈ

ایلس ویلز نے کہا کہ میڈیا کی آزادی، شفاف قانونی عمل اور قانون کی حکمرانی ہر جمہوریت کے لیے ستون ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

نیب لاہور نے میر شکیل الرحمٰن کو پرائیویٹ پراپرٹی کیس میں طلب کیا تھا۔

گزشتہ پیشی کے دوران میر شکیل الرحمٰن نے نیب کے تمام سوالات کے تسلّی بخش جوابات دیے تھے، تاہم آج پیشی پر آنے کے بعد نیب لاہور نے اُنہیں گرفتار کرلیا۔

مذکورہ کیس میں میر شکیل الرحمٰن پر 34 سال قبل خریدی گئی جائیداد میں بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا جبکہ انہوں نے یہ جائیداد ایک نجی شخص سے خریدی تھی۔

اس حوالے سے میر شکیل الرحمٰن نے تمام شواہد نیب کے سامنے پیش کر دیے تھے جبکہ انہوں نے ڈیوٹی اور ٹیکسز جیسی تمام لازمی شرائط بھی پوری کی ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ نے اس گرفتاری پر سوال اٹھایا ہے کہ نیب نجی پراپرٹی معاملے میں ایک شخص کو کیسے گرفتار کر سکتا ہے؟

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو جھوٹے، من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو قانونی طریقے سے بے نقاب کریں گے۔

ترجمان جنگ گروپ نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن پر پہلے بھی کئی من گھڑت الزامات اور ایسے تمام کیسز قانون کی عدالت میں جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا ہے کہ ماضی میں میر شکیل الرحمٰن پر پہلے سیاسی لوگوں سے اور پھر بیرون ملک سے فنڈز لینے کے بھی جھوٹے الزامات لگائے گئے۔

تازہ ترین