• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، اسٹارز سے محروم پشاور زلمی کی کاوش ناکام، سنسنی خیز مقابلے میں سلطانز فتح یاب

سپرلیگ، اسٹارز سے محروم پشاور زلمی کی کاوش ناکام، سنسنی خیز مقابلے میں سلطانز فتح یاب


کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) نوجوان علی شفیق نے 18ویں اوور میں حیدر علی اور شعیب ملک کو آئوٹ کرکے پشاور زلمی کی آسان نظر آنے والی جیت کو ناممکن بنادیا۔ ملتان سلطانز نے اسٹارز سے محروم زلمی کو سپر لیگ کے اہم میچ میں تین رنز سے ہرادیا۔ ملتان نے 9میچوں میں چھٹی کامیابی حاصل کی اور14پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں ٹاپ کر لیا۔ پشاور زلمی ایک موقع پر جیت کی طرف گامزن تھی لیکن علی شفیق نے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔ انہوں نے 31رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ زلمی کو اب سیمی فائنل میں جانے کے لئے اب دوسر ی ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا۔ جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں ملتان سلطان نے چھ وکٹ پر154 رنز بنائے۔ جواب میں زلمی سات وکٹ پر151رنز بناسکی۔ زلمی کے نومیچوں میں9پوائنٹس ہیں۔ آخری اوور میں زلمی کو جیت کے لئے 15رنز کی ضرورت تھی۔ تیسری گیند پر علی شفیق نے بیمر کرایا جس پر چوکا ملا اور نوبال دی۔ پانچ رنز دینے کے بعد اگلی گیند بھی نوبال کردیا۔ دو گیندوں پر پانچ رنز درکار تھے۔ علی شفیق نے ڈرامائی جیت دلوادی۔ قبل ازیں امام الحق نے41گیندوں پر56رنز بنائے۔ امام الحق اور شعیب ملک کے درمیان 70رنز کی شراکت46گیندوں پر قائم ہوئی اس پارٹنرشپ نے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔ زلمی کے دس گروپ میچ مکمل ہوئے اس نے چار میں کامیابی حاصل کی پانچ میں شکست ہوئی ایک میچ بارش کی نذر ہوا ۔ ہفتے کو اسلام آباد یونائیٹڈ چار صف اول غیر ملکی کھلاڑیوں کے بغیر میزبان کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گی۔ سیمی فائنل میں جانے کے لئے کراچی کو جیت ضروری ہے اگر اسلام آباد میچ ہار گئی تو دو بار کی چیمپئن کا سفر ختم ہوجائے گا۔ زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں ہی کامران اکمل دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان وہاب ریاض نے خود کو ون ڈاؤن کی پوزیشن پر پروموٹ کیا مگر وہ بھی تین رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔ عمر امین23گیندوں پر29رنز بناکر معین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اگلے اوور میں حیدر علی ایک رن بناکر علی شفیق کا شکار بنے۔ جب ٹیم 25رنز کی دوری پر تھی تو شعیب ملک25گیندوں پر30رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ حماد اعظم سات رنز بناکر سہیل تنویر کا شکار بنے۔ سہیل تنویر نے26رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ خوش دل خان 30 رنر بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان کے نوجوان اوپنر ذیشان اشرف نے ٹورنامنٹ کی دوسری نصف سنچری بنائی۔ شان مسعود نے23گیندوں پر28رنز بنائے۔ روحیل نذیر 14 رنز اور معین علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر راحت علی نے24رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔

تازہ ترین