• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیریل ”الف“کی آخری قسط آج ”جیو ٹی وی“ پر دیکھیں

کراچی (محمد ناصر) ناظرین کے پسندیدہ ڈرامہ سیریل ”الف“ کی آخری قسط ہفتے کو پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے رات8 بجے نشر کی جائے گی۔ اپنی زندگی کے مقصد کو بھول کر جذباتی صدمے سے لڑنے والے ”قلب مومن“ اور ”مومنہ“ نامی لڑکے اور لڑکی کی دلفریب کہانی پرمشتمل یہ میگا سیریل پہلی ہی قسط سے ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ہر نئی قسط میں نیا موڑ دیکھ کر ناظرین اس سیریل کے سحر میں کھو گئے ۔ ڈرامے کی کہانی اپنے عروج پر پہنچی تو کرداروں نے بھی اپنی پرفارمنس سے ناظرین کے دِل جیت لئے ۔ ناظرین کے دِلوں میں مقبولیت کی دھاک بیٹھ گئی۔ ”الف “ کی منفرد کہانی نے ناظرین کو ٹیلی ویژن کے سامنے سے ہلنے نہیں دیا کیونکہ ڈرامائی موڑ لیتی یہ کہانی کہیں دِلوں کو جوڑتی نظر آئی تو کہیں سنسنی خیز شکل اختیار کر گئی ۔ سیریل ”الف“ کی ریٹنگ چارٹ پر بھی خوب بلے بلے ہوئی۔ عمیرہ احمد کی تحریر کو حسیب حسن نے ڈائریکٹ کیا ۔ ڈرامے کی پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز ہیں۔ سیریل کے مرکزی کرداروں میں حمزہ علی عباسی، سجل علی، کبریٰ خان، احسن خان، سلیم معراج، لبنیٰ اسلم ، عثمان خالد بٹ اور جیوفلمز کی سپر ہٹ فلم ”بول“ کے اہم کردار حکیم صاحب کا مشہور زمانہ کردار ادا کرنے والے منظر صہبائی بھی منفرد کردار میں جلوہ گر ہوئے ۔ واضح رہے کہ یہ انکابطور فنکار ٹی وی پر پہلا ڈرامہ ہے۔ کم وقت میں عوام میں مقبول ہونے والا ڈرامے کا ٹائٹل ٹریک معروف موسیقار شجاع حیدر نے کمپوز کیا۔ سیریل اور ٹائٹل ٹریک کی عکسبندی پاکستان کے علاوہ ترکی کی خوبصورت لوکیشنز پر کی گئیں جس نے سیریل کے ہر منظر کو مزید دلکش بنا دیا ۔ سیریل ”الف“ آئی ایم جی سی کے پروڈکشن ہاؤس ایپک انٹرٹینمنٹ اورثمینہ ہمایوں سعید کے ادارہ موشن کونٹینٹ گروپ کے اشتراک سے تخلیق کیا گیا۔
تازہ ترین