• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان آزمودہ ٹوٹکوں سے دانتوں کی تکلیف کو دور بھگائیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

دانتوں کے امراض میں مبتلا مریض سخت اذیت سے دو چار ہوتے ہیں۔ اکثر افراد کو دانت گِرنے اور ان میں کیڑا لگنے جیسی بیماریوں کا سامنا رہتا ہے جس کے سبب ان کی صحت بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے کیونکہ ہمارے دانتوں کا براہِ راست تعلق ہماری صحت سے ہوتا ہے۔

دانتوں میں شدید درد، مسوڑھوں کا پھولنا، داڑھ کی سوجن، ماس خورہ کے سبب ايسے بيکٹريا ہوتے ہیں جو دانتوں کی کیوٹی ميں پھنسنے والی خوراک، خاص طور سے میٹھی اشیاء کے ذرات رہ جانے کی وجہ سے وجود میں آتے ہیں۔ اگر ان کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ باقی دانتوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

اگر آپ بھی دانتوں کے مسائل یا اس کی تکلیف سے دوچار ہیں تو درج ذیل گھریلو آزمودہ ٹوٹکوں کی مدد سے اس کا سد باب کر سکتے ہیں۔

ناریل کا تیل

ایک کھانے کا چمچ کھوپرے کا تیل منہ میں رکھیں اور اسے منہ میں گھمائیں، بعد ازاں کلی کر کے دانتوں کو کسی اچھے ٹوتھ پیسٹ کی مدد سے برش کر لیں۔

ناریل کے تیل میں موجود اینٹی انفلامینٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں جو کہ دانت کے درد کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

ایک چمچ ناریل کے تیل میں 6 قطرے لونگ کا تیل ملائیں اور متاثرہ دانتوں اور مسوڑھوں پر مل لیں، اس سے بھی فوری آرام ملے گا۔

نمک ملا پانی

آدھا چائے کا چمچ نمک ایک گلاس نیم گرم پانی میں ملا کر اس سے کلیاں کریں، نمک میں موجود اینٹی سیپٹک خصوصیات دانت کے درد کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

آدھا چمچ سرسوں کے تیل میں ایک چٹکی نمک ملا کر دانتوں اور مسوڑھوں پر مل لیں، اس سے مسوڑھوں میں موجود مضر صحت مواد نکل جائے گا اور درد میں فوری آرام آئے گا۔

لہسن

ایک یا دو جوے کچا لہسن چبا کر کھائیں۔ اس کے علاوہ لہسن کا پیسٹ بنا کر متاثرہ دانت پر لگا سکتے ہیں۔ ایک کپڑے میں لہسن لپیٹ کر دانتوں پر رکھنے سے بھی آرام مل سکتا ہے۔

لونگ

لونگ کو دانتوں کے درد کے لیے صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس میں قدرتی اینٹی سیپٹک اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو دانتوں کے کیڑوں کو ختم کرنے اور درد کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

لونگ میں مرکزی جز ’یوجینول‘ پایا جاتا ہے جو قدرتی طور پر سُن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ جز درد کا باعث بننے والے مخصوص سیلز کو بلاک کر دیتا ہے، اس کا اثر 5 منٹ کے اندر شروع ہوتا ہے اور 15 منٹ تک برقرار رہتا ہے۔

لونگ کے تیل کو روئی کی مدد سے متاثرہ دانت پر لگائیں۔ اگر لونگ کا تیل نہ ہو تو ایک لونگ کو چبا کر اس کا عرق متاثرہ جگہ پر لگا سکتے ہیں۔ گرم پانی میں لونگ ڈال کر اس سے کلی کرنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق لونگ کا تیل دانتوں کے درد کے لیے انجیکشن جتنا ہی مؤثر ثابت ہوتا ہے جبکہ سن کر دینے والی خصوصیت کی بنا پر یہ تیل مسوڑوں کے امراض کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

برف

ایک برف کے ٹکڑے کو کپڑے میں لپیٹ کر تکلیف دہ دانت پر 15 منٹ تک لگائے رکھیں تاکہ اعصاب سن ہوجائیں، اس کے علاوہ ایک برف کے ٹکڑے سے اپنے ہاتھ پر مساج کریں جس سے دانت کے درد میں کمی آئے گی۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی درست تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔

صحت سے مزید