اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمرنے کہا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کی محرومیوں کو دور کریں گےرواں برس اسلام آباد میں ڈیڑھ ارب روپے کے منصوبے شروع ہونگے ، اسلام آباد کے سکولوںکو اپ گریڈ کیا جائے گا، ٍیہ اسلام آباد کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا کیا۔این اے 54میں چار نئے کالج تعمیرکیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ماڈل گرلز کالج جی 13/1کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلا م آباد کے شہریوں کو پانی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے، 10کروڑ گیلن پانی کا منصوبہ بھی شروع کیاہے ، پانی انصاف کی بنیاد پر تمام سیکٹرز کو دیں گے،مقامی ملازمتوں میں 50فیصد کوٹہ اسلام آباد کے شہریوں کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی محرومیوں کو دور کریں گے،رواں برس سال 150 کروڑ کے منصوبے اسلام آباد میں شروع ہوں گے، عوام کا پیسہ عوام پر لگا رہے ہیں، پیسہ کھائے بغیر بھی عوام پر لگایا جاسکتا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ شہری کورونا وائرس کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کورونا وائرس اللہ کی طرف سے ایک امتحان ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔