• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفاظتی ماسک بھی عمران مافیا کی ہوس کی نذر ہوگئے: مریم اورنگزیب

ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎حفاظتی ماسک بھی عمران مافیا کی ہوس زر کی نذر ہوگئے، عمران مافیا کا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کرنے کی تحقیقات کرائی جائے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ  2 کروڑ حفاظتی ماسک بیرون ملک اسمگل کرنے سے ملک میں قلت پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی جان خطرے میں ہے، عمران مافیا کروڑوں روپے رشوت لے کر حفاظتی ماسک اسمگل کررہی ہے، عمران صاحب آپ صحت کے وزیر ہیں، جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہا ہے، تاریخ کی پہلی حکومت ہے جو عوام کی جان سے کھیل رہی ہیں، آٹا، چینی، گیس اور بجلی چوری کر رہی ہے۔

‎مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نیازی گھٹ جوڑ کو صرف سیاسی مخالفین اور میڈیا کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین