• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب میں آج سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں آج (اتوار) کو مقامی وقت کے مطابق 11 بجے دن کے بعد کسی بھی بین الاقوامی پرواز کو اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھی 17 مارچ سے ہر قسم کے ویزے کے اجراء پر پابندی عائد کردی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے احکامات کے مطابق بین الاقوامی پروازوں پر پابندی دو ہفتے کے لیے لگائی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز سے ملک بھر میں تمام کاروباری مراکز، شاپنگ مال، سنیما ہال اور تفریحی مراکز کو بھی تاحکم ثانی بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

سعودی حکومت نے ابھی تک اندرون ملک آمد ورفت پر پابندی عائد نہیں کی ہے تاہم اتوار سے بیرونی ممالک سے سعودی مملکت کا رابطہ مکمل طور پر کٹ جائے گا۔ اس دوران صرف کارگو جہازوں اور تجارتی ٹرانسپورٹ کو سعودی مملکت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے اعلامیے کے مطابق جن افراد کو ویزے جاری کیے جاچکے ہیں، انہیں متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کے ذرائع کے مطابق حکومت نے باہر سے آنے والے افراد کے لیے 14 دن کے قرنطینہ کے شرط عائد کردی ہے۔ جو لوگ کسی بیرونی ملک سے متحدہ عرب امارات آئیں گے، وہ اور اس کے ساتھ رہنے والے افراد کو ان کے گھر میں ہی 14 دن کے لیے محصور کردیا جائے اور انہیں باہر نکلنے اور کسی سے ملنے جلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تازہ ترین