حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق 4 روز قبل دبئی سے براستہ لاہور آنے والے ایک مسافر نے شبہ ہونے پر ٹیسٹ کروایا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نجی لیبارٹری سے کروائے گئے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
مریض یورپ سے براستہ دبئی لاہور پہنچا تھا، تصدیق کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مریض کے تمام اہلِ خانہ اور گھر کے ملازمین کو چیک کیا جارہا ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں وزیرِ صحت پنجاب کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس ہوا تھا،جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایئر پورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کا حکم دیا تھا۔
اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال، احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔
وزیرِ صحت پنجاب نے مزید کہا تھا کہ عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی انتظامات یقینی بنارہے ہیں۔