سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت کا ہوٹلز اور چائے خانے رات 9 بجے بند کرنے پر غورشروع کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر عوام رات دیر تک ہوٹلوں پر بیٹھے رہے یا گھومتے رہے تو چائے خانے بند کر دئیے جائیں گے۔
انہوں نے سکھر کے آئسولیشن میں رکھے گئے زائرین کے گھروں پر راشن پہنچانے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کے دوران ریسٹورنٹس، چائے خانے 9 بجے بند کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب وہ زیرو ٹالرینس پر جارہے ہیں۔ اگر ہمارے لوگ دیر تک ہوٹلنگ کریں گے، گھومتے رہیں گے تو حکومت ہوٹلز اور ریسٹورینٹس مکمل بند کرادے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ گھریلو کھانے پینے کی چیزیں فروخت کرنے والی دکانیں کسی صورت بند نہیں ہوں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سینیٹائزر، ڈیٹول اور ٹیشو پیپرز مہنگے داموں فروخت ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو مختلف اسٹورز پر چھاپے مارنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو بھی دکاندار مہنگے داموں میں سینیٹائزر، ڈیٹول، ٹیشو پیپرز فروخت کر رہے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے وزیر بلدیات کو سکھر کے آئسولیشن میں رکھے گئے افراد کے گھروں پر راشن پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔