سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت میڈیا پر حملہ کیا جارہا ہے، میڈیا کے بڑے گروپ کے ایڈیٹر انچیف کو گرفتار کیا گیا، نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا بھی احترام نہیں کیا، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اگر میڈیا پر قدغن لگی تو ریاست کس سمت جائے گئی؟ جو بھی حق کی آواز اٹھاتا ہے اسے ریاست دباتی ہے، ڈان گروپ کے ساتھ بھی یہی ہوا، تحقیقاتی رپورٹرز کو روک کر مار پیٹ کی گئی، اینکرز پرسن کو ملازمت سے زبردستی فارغ کرایا گیا، جس طرح حقائق کو عوام سے چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے یہ فاشسٹ نظام ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا، حکومت پاپولر فاش ازم کی طرف بڑھ رہی ہے، جوڈیشری کیساتھ بھی یہی ہورہا ہے، جو جج ججمنٹ دیتا ہے اسے عبرت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا معاملہ آپ کے سامنے ہیں، میڈیا، جوڈیشری اور پارلیمنٹ کو دبایا جارہا ہے۔ وہ سکھر میں خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔