کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے پاکستانی طلبہ کی بہترین دیکھ بھال سے ایک بار پھر دوستی کا حق ادا کیا ،تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس پہلے داخل ہوا اسی لئے سندھ حکومت زیادہ ایکٹیونظر آئی۔پروگرام میں دشمن کیلئے خوف و دہشت کی علامت فخر پاکستان ایم ایم عالم کو برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورہ چائنا کا سب سے بڑا مقصد بہترین دوست کے ساتھ اظہار یکجہتی تھا ، دنیا بھر کے چین سے انخلا کے باوجود پاکستان نے اپنی دوستی کا بہترین ثبوت دیا اور ایک بار پھر دنیا کو دکھا دیا کہ ہمیں چائنا کی دوستی پر مکمل اعتماد ہے ، کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے چین کے تمام اقدامات کارگر ثابت ہوئے ، پاکستان میں بھی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے دوست ملک چین نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ، چین نے ٹیسٹنگ ، حفاظتی کٹس ، وینٹیلیٹر اور ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال قائم کرنے کیلئے امداد کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی ٹیم کی مدد دینے کو بھی تیار ہے ۔اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہر علاقے کو اس کے حالات کے مطابق سہولتیں فراہم کریں ، انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے لیکن ہمیں اپنی معیشت کو تباہ نہیں کرنا اسی لئے ہم معاشی سرگرمیاں صفر نہیں کر سکتے ، ہمیں ایک دوسرے کو سمجھانا ہے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔نیشنل کورڈی نیشن کمیٹی پورے ملک کے لئے حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔