کراچی میں کینٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر ریلویز کراچی ڈویژن نے آج شام 4 بجے اور اس کے بعد کینٹ اسٹیشن سے چلنے والی تمام ٹرینوں کو ڈرگ روڈ، ملیر سٹی اور لانڈھی اسٹیشن پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق یہ فیصلہ شام 4 بجے چلنے والی ٹرین بزنس ایکسپریس سے لاگو ہوگا، جبکہ ڈاؤن یعنی کراچی آنے والی تمام ٹرینوں کا بھی انہی اسٹیشنز پر اسٹاپ ہوگا۔
ریلوے ترجمان کی جانب سے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اپنی آسانی کے پیش نظر قریب ترین ریلوے اسٹیشن سے سفر کے آغاز اور اختتام کرنے کو ترجیح دی جائے۔
ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ تا حکم ثانی برقرار رہے گا۔