• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ چوہدری نثار رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی سیشن سے خطاب کرینگے

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر داخلہ چوہدری نثار رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں عالمی رہنمائوں کی جانب سےمنشیات کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر بات کی جائے گی۔ تین روزہ سیشن 19؍ اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔ وزیر داخلہ اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے منشیات کی لعنت کیخلاف کیے گئے اقدامات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے باضابطہ طور پر چوہدری نثار کو نامزد کیا ہے کہ وہ پاکستانی وفد کی قیادت کریں۔ وزیر داخلہ کے ہمراہ سینئر عہدیدار دورے کے موقع پر ساتھ ہوں گے۔ وزیر داخلہ اس خصوصی سیشن میں شرکت کیلئے آنے والے عالمی رہنمائوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ نیویارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ان کے اعزاز میں تقریب بھی منعقد کرے گی۔ اسی دوران ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری نثار رواں ماہ کے دوسرے ہفتے کے دوران 10؍ روز کیلئے ملک سے باہر ہوں گے اور وہ لندن سمیت دو یورپی دارالحکومتوں کا دورہ کریں گے۔ ان کا لندن میں قیام اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے کیونکہ وہاں ایم کیو ایم کے رہنمائوں کیخلاف اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات جاری ہے۔ 
تازہ ترین