معروف اداکارہ ماہرہ خان نےقرنطینہ میں لوگوں کو بہتر محسوس کرنے کے لیے اپنے موبائل سے کچھ پُرانا مواد سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اُردو اور پنجابی کے معروف شاعر منیر نیازی کی شاعری کی ایک ویڈیو شیئر کی۔
ماہرہ خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں منیر نیازی اپنی مشہور نظم ’ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں‘ پڑھ رہے ہیں اور اُن کے چاہنے والے مشاعرے میں اُن کو سُن رہے ہیں۔
اداکارہ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’آج میں آپ سب کے ساتھ اپنے موبائل فون کا وہ پُرانا مواد شیئر کررہی ہوں جن میں کچھ تصاویر ہیں اور کچھ شاعری ہے جس کو سُن کر آپ بہتر محسوس کر سکتے ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس وقت ہم سب قرنطینہ میں ہیں اور ایسے میں اگر آپ منیر نیازی کی نظم ’ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں‘ سُنیں گے تو آپ اِس مشکل مرحلے میں بہت اچھا محسوس کریں گے۔‘
اِس کے علاوہ بھی ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر ایک اور پوسٹ کی تھی جس میں ماہرہ خان نے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔
ماہرہ خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں اُنہوں نے اپنا چہرہ ٹوپی سے چھپایا ہوا تھا۔
اداکارہ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ایسے وقت میں جب بے چینی بڑھ رہی ہے تو یہ یاد رکھنا کہ ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’اُمید ہے اور دُعا ہے کہ ہمیں شفا ملے گی انشا اللّہ، تب تک آپ سب اپنی حفاظت کریں۔‘
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھ کر 448 ہوگئی ہے، کراچی 245، پنجاب میں 78، بلوچستان میں 81، خیبرپختونخوا میں 23، گلگت بلستان میں 13، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض ہے۔