آپ آف لائن ہیں
اتوار11؍شعبان المعظم 1441ھ 5؍اپریل 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

پری فیبریکیشن کا مطلب ہے، فیکٹری یا دیگر مینوفیکچرنگ یا تعمیراتی ڈھانچے میں تیار شدہ مصنوعات کو ایک تعمیراتی جگہ پر اسمبل (جوڑ کر ) کرنا۔ اسمبلنگ کے ذریعے تعمیراتی سائٹ پر اسٹرکچر کھڑا کیا جاتا ہے۔ پری فیبریکیشن میں اینٹ در اینٹ لگانے کے بجائے اینٹ سے بنی دیواریں لگاد ی جاتی ہیں یا لکڑی سے بنے پورے زینے بمعہ ریلنگ فکس کردیے جاتے ہیں۔

 معماروں کے لئے تیار شدہ مصنوعات نیا تصور نہیں ہے، لیکن اب اس کا استعمال عروج پر ہے۔ محدود مقامی صلاحیت اور لاگت کے حساب سے تعمیراتی صنعت میں اس حکمت عملی کا استعمال مؤثر اور دانشمندانہ طریقے سے ہونے لگا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تیار شدہ لکڑی کے اجزاء، جو لکڑی کے دونوں فریموں اور بڑے پیمانے پر لکڑی کی تعمیرات میں استعمال ہوتے ہیں، نے بہت سارے ڈیزائن اور انجینئرنگ چیلنجز کو حل کرنے میں مدد کی ہے۔ مٹیریل اور وقت کے کارگر استعمال، کم ضیاع اور قیمت کو دسترس میں لانے کے ساتھ ساتھ تیارشدہ مصنوعی لکڑی کے عناصر اعلیٰ کارکردگی اور انرجی ایفیشینٹ ڈیزائن کے فوائد پیش کرتے ہیں۔ خاص طورپر لکڑی کی پری فیبریکیشن تو تعمیر کے معیار اور رفتار کو بڑھا دیتی ہے۔

تیار شدہ تعمیراتی عناصر کی تیاری کا عمل گذشتہ صدی میں پہلی بار ریاست ہائے متحدہ امریکا میں اپنایا گیا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد سستی اور معیاری رہائش گاہوں کی ضرورت تھی، جس کی وجہ سے ’کٹ آف پارٹس عمارتوں‘ (kit-of-parts buildings) میں اضافہ ہوا۔ آجکل جدید ڈیجیٹل ٹولز تیار شدہ مصنوعات کی تیار ی کوبھی آسان بنا رہے ہیں۔ 

تیار شدہ تعمیراتی مٹیریل کا استعمال ڈیویلپر زکو کم قیمت، پائیدار اور مؤثر پروجیکٹ مہیا کرتا ہے۔ تعمیر کو کم سے کم وقت میں تو انجام دیا جاتا ہی ہے، ساتھ دیکھ بھال بھی کم کرنی پڑتی ہے اور مٹیریل کا زیاں نہیں ہوتا جبکہ لیبر اور لاگت کم آتی ہے۔ باسہولت ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں تعمیرات کے سارے عوامل بہ احسن پورے ہوجاتے ہیں۔

کم اجزاء کی تنصیب پر مشتمل منصوبہ بندی تعمیر کے عمل کو معیاری بناتی ہے اور سائٹ پراجزا ء کے جوڑ توڑ میں لگنے والے وقت کو کم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، کنٹرول شدہ ماحول میں اجزاء تیار کیے جارہے ہیں جو اعلیٰ کوالٹی کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ ورکشاپ میں لکڑی کے اجزاء کوفیبریکیٹ کرنے او ر ڈیزائن کرنے کے بعد ان کو ٹرکوں پر لادا جاتا ہے اور فوری طور پر اسمبلی کے لئے سائٹ پر لے جایا جاتا ہے۔

مرضی کے ڈیزائن

چونکہ پری فیبریکیشن میں اشیا کی تیاری اسمبلنگ سائٹ سے ہٹ کر کی جاتی ہے، لہٰذا پہلے سے تیار شدہ پروجیکٹس کے مقابلے میں یہ آپ کو معیاری رہائشی اسٹرکچر یا متبادل فراہم کرتے ہیں۔ ہر کلائنٹ کے پاس ایک مخصوص ڈیزائن کومنتخب کرنے یا کسی بھی قسم کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار ہوتا ہے۔ لکڑی ایک ورسٹائل مٹیریل ہے، جو کلائنٹ کو ڈیزائن کے انتخاب اور تیار مصنوعات کے کئی آپشنز فراہم کرتی ہے۔  

کارکردگی

پہلے سے تیار شدہ تعمیراتی اسٹرکچرز کاان لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے، جن کیلئے وقت ہی سب کچھ ہے۔ بنےبنائے اسٹرکچرز تیزترشیڈول کے ساتھ تعمیراتی لاگت میں بھی کمی لاتے ہیں۔ جب عمارت کی بنیاد ڈالی جارہی ہوتی ہے تو عمارت میں شامل ہونے والے لکڑی کے اسٹرکچرز یا اجزاء کمپنی ورکشاپ میں تیا رکیے جارہے ہوتے ہیں۔ چونکہ ان کی تیاری فیکٹری میں کی جارہی ہوتی ہے، اس لئے عام تعمیراتی منصوبوں کے مقابلے میں تکنیکی غلطیوں کی گنجائش اور تعداد کم ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ایڈجسٹمنٹ کرنے اور کام کو دہرائے جانے کی بھی بچت ہوتی ہے۔ کام کی رفتار کے علاوہ مٹیریل اور وقت دونوں میں کمی کے سبب ویسٹیج کم ہوتا ہے، اس لئے پری فیبریکیٹڈ اسٹرکچر سے بجٹ میں کمی آسکتی ہے۔ اگرچہ عمارت کے سامنے والے حصے کی لاگت زیادہ معلوم ہوتی ہے (ڈیزائن اور دلکشی کے سبب) لیکن سائٹ پر تعمیر کے بعد لگائے جانے کی کُل لاگت کم سے کم ہوجاتی ہے ۔

پائیدار ی

آپ سوچ رہے ہوںگے کہ لاگت، وقت اور ویسٹیج کم ہونے کے سبب اس کے استحکام پر بھی سوالیہ نشان ہوسکتاہے؟ لیکن ایسا نہیں ہے، پری فیبریکیشن ٹیکنالوجی سے کھڑا کیا گیا لکڑی کا اسٹرکچر پائیدار ی میں اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔ اس کی مثال درخت کی ہے جو سینکڑوں سال کھڑے رہتے ہیں اور افتاد زمانہ کو جھیلتے ہیں۔ پائیدار ی کے علاوہ لکڑی سے بنے اسٹرکچر ماحول دوست بھی ہوتے ہیںاور قدرتی ماحول کا تاثر پیش کرتے ہیں۔

لکڑی کی دیگر اشیا

مرکزی خوابگاہ میں الماری، فرش اورچھت کے لیے لکڑی کا استعمال کرکے اس میں جدید لائٹنگ کا انتظام کیا جاسکتاہے۔ لکڑی کی کم قیمت، مضبوط اور دلکش ڈیزائن والی سیڑھیاں گھر کو نیا لُک دیتی ہیں۔ اونچی چھت ہو تو میزنائن روپ دینے کیلئے لکڑی سے بنا آفس نما کمرا ایک عمدہ فیصلہ ہو سکتاہے۔ اس کے علاوہ جدید دور میں لکڑی کے بہت سے نئے اور فینسی دروازے مارکیٹ میں متعارف کیے جاچکے ہیں۔ 

جب کبھی اسٹیل اور لکڑی کو ملاکر استعمال کیا جاتا ہے تو نتیجے میں بہت خوبصورت اور انڈسٹریل انداز ملتا ہے۔ کچن میںہلکے رنگ کی لکڑی کو اگر سفید رنگ کے ساتھ ملا دیا جائے تو آپ کا باورچی خانہ بہت ہی روشن اور ہوا دار معلوم ہوسکتاہے۔ غرض لکڑی آپ کے گھر میں استعمال ہونے والی مختلف اشیاء میں توازن پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال میں لائی جاسکتی ہے۔

تعمیرات سے مزید