لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس کو شکست دیں گے،حکومت جلد ازجلد غریبوں کیلئے بڑے امدادی پیکیج کا اعلان کرے اور 25ہزارروپے سے کم آمدنی والوں کے بجلی اور گیس کے بل معاف کردے،حکومت حادثات اور سانحات کا انتظار کرنے کی بجائے عوام کوکورونا سے بچانے اور دووقت کے کھانے کا انتظام کرے ۔جماعت اسلامی مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مال روڈ پر مسجد شہداءکے سامنے لگائے گئے کورونا آگاہی اور صفائی کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کی کورونا سے آگاہی اور صفائی مہم کے نیشنل فوکل پرسن اظہر اقبال حسن،امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری ، امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ حکومت کورونا میں عوام کو ریلیف دے۔نہ دیا تو اس سے بڑھ کرکوئی ظلم نہیں ہوگا۔ دنیا اپنے بے بہا وسائل ہتھیار بنانے پر خرچ کررہی ہے ،اگر یہی وسائل انسانی ترقی ،تعلیم اور صحت پر خرچ ہوتے تو آج ایک معمولی جراثیم سے دنیا خوف زدہ نہ ہوتی ۔ہمیں ہر وقت اللہ کے بندے اور غلام بن کر رہنا اور اسی کی فرما نبرداری والی سادہ زندگی گزارنا چاہئے۔