• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کا جرمن ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نےجرمن ہم منصب سے جرمنی میں کورونا وائرس سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

دفترخارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب کو کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کےلیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہی دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا پوری انسانیت کےلیے ایک چیلنج بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کےلیے اقوام عالم کو مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔

شاہ محمود قریشی نےکورونا وائرس کے تناظر میں جرمن ہم منصب کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کی مبذول کروائی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے غذا، دواؤں کی شدید قلت ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے محدود ذرائع کے ساتھ وبا کے پھیلاؤ کو روکنےکےلیے جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف فراہم کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ایران میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، تہران میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد خطے میں سب سے زیادہ ہے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایران پر عائد معاشی پابندیوں کو فوری طور پر اٹھایا جائے۔

تازہ ترین