اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کے حوالے سے گفتگو کی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے اوروبا کے خلاف جنگ میں مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس کی ذمہ داریوں کے حوالے سے متوجہ کرتے رہیں گے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جماعت اسلامی کی طرف سے سندھ میں خصوصی تعاون پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قومی مفاد میں فیصلے کئے ہیں ، کرونا ایک قومی مسئلہ ہے ،موجودہ صورتحال میں سیاست سے بالاترہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ سینیٹر سراج الحق اور بلاول بھٹو نے کورونا سے بچاؤ کیلئے وسیع ترقومی مشاورت کی ضرورت پربھی اتفاق کیا ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اپیل کی ہے کہ بزرگ ،بچے اور مائیں بہنیں کورونا سے بچاؤ کیلئے اپنے گھروں میں توبہ استغفار اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں ۔