گوجرخان(نمائندہ جنگ) کرونا وائرس کے شبہ میں زیر علاج مریض تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال گوجرخان سےبھاگ کھڑا ہوا جسے پولیس اور ریسکیو ٹیموں کے ذریعے بازیاب کراکے سخت نگرانی میں راولپنڈی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وارڈ نمبر 8گوجر خان کا رہائشی نوجوان زبیربحرین سے واپس آیا تھا جس میں علامات ظاہر ہونے کے باعث وائرس میں مبتلا ہونے کا خدشہ تھا،اسےتحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال پہنچایا گیا ابتدائی ٹیسٹ کے بعد اسے راولپنڈی ہسپتال منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی کہ وہ ہسپتال سے بھاگ نکلا۔ اسسٹنٹ کمشنرحرا رضوان نے واقعہ کا فوری نوٹس لیااور لواحقین سے رابطوں میں ناکامی کے بعدایس ایچ او تھانہ گوجرخان محمدعمران عباس،ڈاکٹر سرمد کیانی، ڈاکٹر رانا عرفان اورریسکیو 1122کی ٹیمیوں کو مریض کو بازیاب کرنے کے لیے اس کے گھر بھیجا گیا جنہوں نے اسے تحویل میں لے کر کڑی نگرانی میں بےنظیر ہسپتال راولپنڈی پہنچایا۔ زبیر بحرین سے ایک ہفتہ قبل پاکستان آیا تھا۔