• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج 27  رجب المرجب کو شبٍ معراج منائی جائے گی


آج شبِ 27 رجب المرجب بڑے عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، یہ وہ بابرکت اور پر سعادت رات ہے جب خاتم النبین ﷺ  معراج کے لیے عرشِ بریں پر تشریف لے گئے، آسمانِ بالا کی سیر کی، اللّٰہ تعالی نے اپنے حبیب ﷺ کو معجزے دکھائے اور اہلِ ایمان کے لیے نماز کا تحفہ دیا۔

شب معراج وہ شب ہے جب اللّٰہ رب العزت نے اپنے حبیب نبیٔ محترم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا اور پانچ نمازوں کا تحفہ عطا کیا۔

یہ واقعہ ہجرت سے 5 سال قبل پیش آیا، جب حضرت جبرائیل علیہ السلام براق لے کر نبی آخرالزماں ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا، ’اے اللّٰہ کے رسول، آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔‘

حضورِ اکرم ﷺ اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی اور پھر آپ ﷺ آسمانوں میں اللّٰہ تعالیٰ سے ملاقات کرنے تشریف لے گئے۔ 

اس واقعے کو قرآن کریم کی سورۂ اسراء پارہ نمبر 15 کی ابتدائی آیات میں بیان کیا گیا ہے۔

سفرِ معراج کے دوران رسولِ کریم ﷺ  کو جنت اور دوزخ دکھائی گئیں، آپ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی ہوئی۔

اسی سفر میں امّتِ محمدیہ ﷺ پر نماز بھی فرض ہوئی یہی وجہ ہے کہ اس شب خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

مسلمان اس رات خیر و برکت حاصل کرنے کے لیے شبِ بیداری کرتے ہیں۔

مسلمان نوافل میں اپنی مغفرت اور اہلِ وطن کی سلامتی کی دعا مانگتے ہیں، یہ رات اللّٰہ تعالی کی نعمتیں سمیٹنے کا ذریعہ ہے۔

شبِ معراج ایسے موقع پر آ رہی ہے جب کورونا وائرس کی ہولناک وباء نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے لہٰذا آج کی رات دنیا بھر اور وطنِ عزیز میں پھیلی کورونا کی وبا سے حفاظت اور اس کے خاتمے کے لیے دعائیں مانگنے کی انتہائی ضرورت ہے۔

تازہ ترین