پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ جتنا جلد کریں گے نقصان اتنا ہی کم ہوگا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ انتظار کریں گے تو ملک کے غریب عوام کا سب سے زیادہ نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ زندہ ہوں گے تو معیشت میں حصہ دیں گے، کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد زیادہ ہوئی تو ہمارا صحت کا نظام اسے برداشت نہیں کرسکے گا۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ جانی نقصان زیادہ ہوا تو برداشت نہیں کرسکتے، اسی وجہ سے سندھ حکومت نے کڑا ترین فیصلہ لیا، آج رات سے سندھ بھر میں کرفیو جیسا لاک ڈاؤن کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی اس جنگ میں ہمیں عوام کے ساتھ کی ضرورت ہے، عوام گھر میں رہیں اور اپنا اور گھر والوں کا خیال رکھیں، ان دو ہفتوں میں کسی سے نہیں ملیں گے تو بیماری آگے نہیں بڑھے گی۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی پوری سیاسی قیادت کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک پیج پر ہے، ہم نے ایک ہوکر ہمیشہ مشکل فیصلہ کیا ہے، لاک ڈاؤن پر انتہائی سختی سے عمل در آمد کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی وفاقی حکومت سے نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دوسرے ممالک کو دیکھ کر فیصلے کرے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کوئی سائنسی ثبوت نہیں کہ یہ بیماری گرمیوں میں ختم ہوگی۔