خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری نے تباہی مچادی ہے ،لینڈ سلائیڈنگ،سیلابی ریلے اور مکانات گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت65افراد جاں بحق ہوگئے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ۔
پشاور ، مردان ، بنوں ، کوہاٹ ، ڈی آئی خان ڈویژن میں ، بالائی پنجاب اوراسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور ڈویژن اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پرتیزبارش کا امکان ہے۔
سوات میں مسلسل بارشوں سے دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی سطح میں اضافے سے دریا کنارے بنے ہوٹل پانی میں گھرگئے، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ،دریائے سوات میں ایوب برج کے مقام پر 75 ہزار کیوسک کاسیلابی ریلہ گزررہا ہے ، ایکسئن ایری گیشن وسیم ملک کا کہنا ہے کہ مقامی افراد کومحفوظ مقام پرمنتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہیں ۔