• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی کی پندرہ رکنی لان بالز کی ٹیم اپنا دورہ جاپان مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئی۔

ٹیم کے مینجر اور اہم رکن حاجی ندیم رضا نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لان بالز کا کھیل پوری دنیا میں تیزی سے فروغ پارہا ہے اس کھیل میں کھلاڑی کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی جبکہ اس کھیل کو انڈور اور آوٹ ڈور بھی کھیلا جاسکتا ہے۔

 اپنے دورہ جاپان کے حوالے سے حاجی ندیم رضا نے کہا کہ ان کا تعلق پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے ہے، جبکہ وہ دبئی کی ٹیم کے مینجر ہیں اور ٹیم میں بطور کھلاڑی بھی کھیلتے ہیں۔

 حاجی ندیم رضا نے بتایا کہ لان بالز ٹیم ایک سے چار کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے جسے کسی بھی عمر کے کھلاڑی کھیل سکتے ہیں، جاپان میں ان کی ٹیم نے دو شہروں میں ہونے والی ٹریننگ اور میچوں میں حصہ لیا جس میں ایک سیریز میں ان کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 تاہم کوبے میں ہونے والی سیریز تین تین میچوں سے برابر رہی ہے ، حاجی ندیم رضا نے بتایا کہ اس گیم میں بالز کو ایک خاص طریقے سے سوا گیارہ میٹر یا ایک سو بیس فٹ تک ایک خاص طریقے سے پھینکا جاتا ہے اور جو بال ٹارگٹ کے زیادہ قریب پہنچ جائے وہ پوائنٹ میں تبدیل ہوجاتی ہے۔

 حاجی ندیم رضا کے مطابق لان بالز پاکستان میں بھی شوق سے کھیلا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ ایک دہائی سے اس کھیل سے منسلک ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بھی اس کھیل کو فروغ حاصل ہو جس کے لیے میڈیا کی توجہ کی ضرورت ہے۔

 اگر حکومت کی سرپرستی حاصل ہو اور اس کھیل کو قومی کھیلوں کے مقابلوں میں شامل کیا جائے تو پاکستان عالمی سطح پر اس کھیل میں بڑی کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے۔

 حاجی ندیم رضا نے بتایا کہ وہ عنقریب پھر جاپانی لان بالز ایسوسی ایشن کی دعوت پر جاپان کا دورہ کریں گے حاجی ندیم رضا نے جاپان میں شاندار میزبانی کرنے پر سینئر پاکستانی اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک یونس اور مرزا اکرم کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین