کراچی(اسٹاف رپورٹر) ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچ کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ امکان ہے کہ ملک کے 5گرائونڈ پی ایس ایل فائیو کی میزبانی کریں گے۔ ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور زلمی کا ہوم گرائونڈ ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں پی ایس ایل میچ کرانے پر زور دے رہی ہے اور کوئٹہ ہی ایسی ٹیم تھی جسے پی ایس ایل فائیو میں مسلسل سفر میں رکھا گیا لیکن بلوچستان کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے فی الحال بگٹی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچ کرانا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کی میٹنگ میں کوئٹہ کے مالک ندیم عمر اپنی ٹیم کو دیئے گئے خراب شیڈول پر احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا شیڈول جس وقت تیار ہوا کوئٹہ کو اس کے میچوں کا شیڈول دے دیا گیا جبکہ لاہور کو قذافی اسٹیڈیم میں آٹھ اور کراچی کنگز کو نیشنل اسٹیڈیم میں چھ میچ دے دیے گئے۔ ندیم عمر اس بارے میں آن ریکارڈ کچھ کہنے سے گریز کررہے ہیں لیکن وہ نجی محفلوں میں پی سی بی کی جانب داری اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچوں کی شیڈولنگ پر تحفظات اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں۔ پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ نے چار میچ جیتے لیکن پی سی بی انتظامیہ کی بد انتظامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کوئٹہ کو ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرایا گیا اور اس کا کوئی ہوم گرائونڈ نہ ہونے کے بجائے اس کے کھلاڑیوں نےفلائٹوں میں زیادہ وقت گذارا۔