• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ بند، بھارت میں 21 دن کا لاک ڈاؤن، دنیا کے 3 ارب لوگ گھروں میں محصور، اولمپکس ایک سال کیلئے ملتوی

 دنیا کے 3 ارب لوگ گھروں میں محصور


لندن، نئی دہلی، واشنگٹن، پیرس(اےایف پی،خبرایجنسیاں، جنگ نیوز) برطانیہ بند، بھارت میں 21 دن کا لاک ڈائون، دنیا کے 3 ارب لوگ گھروں میں محصور ،اولمپکس ایک سال کیلئے ملتوی،50ہزار کیسز کیساتھ امریکاکورونا سے متاثر تیسرا بڑاملک بن گیا، دنیا بھر میں اموات 17 ہزار، 4لاکھ مریض، سعودی عرب اور آئس لینڈ میں بھی پہلی ہلاکت دیکھی گئی، تھائی لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ 

اٹلی میں6ہزار77، چین 3270 ، اسپین 2670 اورایران میں 1934ہلاکتیں ریکار ڈ کی گئیں، آسٹریلیا نے بھی فوج طلب کرنے کا اعلان کردیا ہے، روسی حکام ملک میں کورونا کیسز کی صحیح تعداد سے لا علم ہیں۔

غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق تقریباً 2ارب60 کروڑ افراد اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں،کچھ ممالک میں کرفیو، کئی لاک ڈاؤن اور کہیں عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے،یورپ سے لیکر ایشیا، شمالی امریکا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے کچھ حصوں میں حکومتوں نے اپنے شہریوں کو گھر میں رہنے کی ہدایات کی ہیںا ور اس فیصلے میں برطانیہ اور بھارت بھی شامل ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون کردیاگیا، شہریوں سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ لاک ڈائون کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے گھروں سے نہ نکلیں۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاہےکہ پورا بھارت منگل کی رات سے 21 روز کیلئے مکمل لاک ڈائون کیا جارہا ہے، مودی نے کہاکہ بھارت کو محفوظ کرنے ، اسکے شہریوں کو محفوظ کرنے،آپکو اور آپکے خاندان کو محفوظ کرنے کیلئے ہر گلی ہر علاقہ لاک ڈائون کیا جارہا ہے۔مصر نے بھی آج سے 2 ہفتوں کیلئے رات کے اوقات میں کرفیو لگا دیا ہے۔

کیوبا نے بھی غیرملکی سیاحوں کو منگل سے قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔کورونا وائرس سے دنیا بھر میں کے 175ممالک و ٹیریٹریز میں 17ہزار سے زائد مریض جاںبحق ہوگئے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی3لاکھ 90ہزار تک پہنچ گئی ہے۔وائرس سے سب سےزیادہ متاثر ہونیوالا براعظم یورپ ہے جہاں 2لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے اور 10ہزار732 ہلاکتیں دیکھی گئیں ، یورپ کے مقابلے میں ایشیامیں 98ہزار748 کیسز دیکھےگئےجبکہ 3ہزار570اموات سامنے آئیں۔ 

ممالک کے لحاظ سےاٹلی میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 743 مریض ہلاک ہوگئے جس کے ساتھ ہیں مجموعی اموات6ہزار77ہوگئی جبکہ اب تک64ہزارکیسز رپورٹ ہوئے، چین میں 3ہزار270 اموات اور 81ہزار171 کیسز سامنے آچکے ہیں۔اسپین میں اب تک 2ہزار670ہلاکتیںدیکھنے میں آئیں جبکہ 39ہزار673 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ایران میں 24گھنٹے کے دوران مزید122اموات ہوئیں جس کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1ہزار 934 ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد میں بھی 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ1ہزار762 کیسز کااضافہ ہوا جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 25ہزارتک پہنچ گئی۔فرانس میں 860اموات اور 19ہزار856کیسز سامنے آئے،فرانس نےعوام کو خبردار کیاہےکہ لاک ڈائون کو مزید کئی ہفتوں تک توسیع دی جاسکتی ہے۔ 

امریکا میں600ہلاکتیں و50ہزارکیسز دیکھے جاچکے ہیں، کورونا وائرس کے کیسز کے حوالےسے امریکا تیسرے نمبر پر آگیاہے۔ ادھردنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ملتوی کرکے اگلے برس کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی او سی کے صدر تھام بیچ اور جاپان کے وزیراعظم شینزوآبے نے کورونا وائرس سے پیدا صورت حال کا جائزہ لیا اور تشویش کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی ایتھلیٹس، اولمپکس کے آرگنائزرز اور دنیا بھر کے لوگوں کی صحت کے تحفظ کے لیے گیمز کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

اولمپکس گیمز 2020 کے بعد ہوں گے لیکن اس کو ٹوکیو اولمپک 2020 اور پیرالمپک گیمز 2020 ہی کہا جائے گا۔ادھر سعودی عرب نے کورونا وائرس کے سبب ملک میں پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ ملک میں اب تک 767افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان محمد عبدالعلی نے منگل کو مدینہ میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ کے ہیلتھ ایمرجنسی روم میں غیرملکی مریض کی حالت تیزی سے خراب ہوتی جا رہی تھی اور وہ پیر کی رات انتقال کر گئے۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو ایک دن میں 205افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے ملک میں وائرس کا شکار افراد کی مجموعی تعداد 767 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس کے باعث آئس لینڈ میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی جبکہ میانمار میںبھی پہلا کیس سامنے آگیا،اردن میں کرفیو کی خلاف ورزی پر3روز کےدوران 1600افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے،آئر لینڈ نے بھی کوونا وائرس کے باعث غیر ضروری کاروباری مراکز کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔ چین کے ہوبئی صوبے میں سفری پابندیاں ختم کی جارہی ہیں۔ 

ادھر روس میںاب تک 495 کیسز سامنے آچکے ہیں تاہم روس کے ایک اعلیٰ افسر نے کہاہےکہ روسی حکام ملک بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے کیسز سے لا علم ہیںاور انہیں چاہیے کہ وہ اس وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ ادھر سنگاپور نے 30 اپریل تک شٹ ڈائون کے ایک سلسلے کا اعلان کیاہے۔جمعرات سے بارزاور دیگر تفریحی مقامات جیسے نائٹ کلبس، تھیٹرز اور سنیمار گھر بند کردیے جائیں گے جبکہ عوامی اجتماعات بشمول کانفرنسز ، نمائش اور کھیلوں کی تقریبات کو لازمی ملتوی یا منسوخ کردیاجائیگا۔

آسٹریلیا نے باربی کیوز، فٹبال جیسے کھیلوں اور غیرملکی سفر پر پابندی لگاتے ہوئےملک میں فوج کی تعیناتی کا اعلان کیاہے، فوج تعیناتی کےدوران چیک پوائنٹس پر مسافروںو راہ گیروں میںوائرس چیک کریگی۔آسٹریلیامیں شادی کی تقریبات میں صرف5 افراد شریک ہوسکیں گے جبکہ کسی کی موت و میت کی صورت میں صرف 10 افراد شرکت کرسکتے ہیں۔ 

تھائی لینڈ میں جمعرات سے ایمرجنسی کا نفاذ کردیاجائیگا اس دوران عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔دوسری جانب افغانستان کی وزارت عوامی صحت نے کورونا وائرس کے 2مزید مصدقہ کیسز رپورٹ کئے ہیں جس کے ساتھ ہی کل مریضوں کی تعداد 42ہوگئی ہے۔

تازہ ترین