• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے باعث سوا کھرب کا معاشی پیکیج دیا،حفیظ شیخ

کورونا کے باعث سوا کھرب کا معاشی پیکیج دیا،حفیظ شیخ


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث جاری کیا جانے والا معاشی پیکیج سوا کھرب روپے کا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ معاشی پیکیج میں مزدوروں اور محنت کشوں کی امداد کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ کاروباری طبقے کو 100 ارب روپے کے ٹیکس ری فنڈ کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 3 ہزار روپے ماہانہ کی مالی امداد 4 ماہ تک فراہم کی جائے گی ، یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سستی اشیا ء کی فراہمی پر 50 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

معاون خصوصی نے یہ بھی کہاکہ پٹرول ،ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 ماہ کے لیے 15 روپے فی لٹر کمی کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے 100ارب روپے خرچ ہوں گے،کھاد کی قیمت مزید کم کی جائے گی جبکہ حکومت نے 280 ارب روپے کی 85 لاکھ ٹن گندم کسانوں سے خریدنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھاکہ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کے حفاظتی یونیفارم کے لیے 50 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کو کورونا وائرس سے نمٹنےکےلیے 25 ارب روپے دے رہے ہیں،ضرورت پڑی تو مزید رقم بھی فراہم کی جائے گی ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہاکہ برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے،4 ارب ڈالرز کے بیرونی قرضے ادا کیے گئے ہیں،جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ 8 ماہ میں ٹیکس محاصل میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 17فیصد اضافہ ہوا جبکہ صوبوں کو ان کے حصے سے زیادہ فنڈز دیے گئے ۔

حفیظ شیخ نے یہ بھی کہاکہ کورونا وائرس سے پہلے ہماری معیشت خاصی مستحکم ہورہی تھی ،وبا کے باعث دنیا بھر کی طرح ملکی معیشت پر بھی برے اثرات مرتب ہوں گے،آنے والے چند ماہ ہماری برآمدات اور بیرون ملک ترسیلات میں کمی آئے گی ۔

تازہ ترین