• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، برطانوی حکومت نے این ایچ ایس کیلئے ڈھائی لاکھ رضاکاروں کی خدمات مانگ لیں

راچڈیل / پیرس / برسلز (حافظ انیب راشد /رضا چوہدری / ہارون مرزا) دنیا کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کی تباہ کاری جاری ہے جبکہ حکومتیں اس وبا پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے تقریباً ڈھائی لاکھ رضا کاروں کی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے این ایچ ایس کے لیے خدمات مانگ لیں برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 422ہو گئی ہے۔ سیکرٹری صحت میٹ ہینکوک نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سب سے زیادہ کمزور افراد کی مدد کے لئے آگے آئیں جو اپنے گھر چھوڑنے سے قاصر ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں 15ملین کمزور افراد موجود ہیں جنہیں 12ہفتوں تک اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ان میں کینسر‘ سانس اور دمے کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے کورونا وائرس کا شکار سب سے زیادہ دمے کے مریض ہوتے ہیں اور ان کا سنبھلنا انتہائی ناممکن ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک تجزیے میں کہا ہے کہ کورونا وائرس برطانیہ کی نصف آبادی سے زیادہ افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔ نظریاتی وبائیات کے پروفیسر سنترا گپتا نے ملک بھر میں کوویڈ۔19 کے انفیکشن ریٹ کی تحقیق کے یہ نتائج اسی دن سامنے آئے جب ایک ہی دن میں سرکاری سطح پر اموات کی تعداد ریکارڈ ہو کر 87 ہوگئی۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس برطانیہ میں جنوری کے وسط تک گردش کر رہا تھا اور پہلی موت ایک ماہ قبل ہوئی تھی تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے پاس وسیع پیمانے پر وقت تھا جبکہ کورونا کے شکار افراد کی مرض کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کیا گیا، اس وقت برطانیہ میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 8ہزار 77ہو چکی ہے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے برطانیہ کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے۔ دوسری جانب فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد گیارہ سو ہوگئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کا اعلان 24 گھنٹوں میں 240افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ مجموعی طور پر ملک میں تصدیق شدہ کیسز 22ہزار300 ہوگئے ہیں اوریہ شدید اور تیز وبا ہے"۔ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل جیروم سالومون نے کہا کہ منگل، 24مارچ کو ملک میں کوویڈ۔19 کی اموات 860 سے بڑھ کر 11سو ہو گئیں۔ مرنے والوں میں وہ پانچ ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرکے ان کی زندگیاں بچانے میں مصروف تھے۔ بلجیم میں کرونا وائرس سے متاثرہ 2152مریض اس وقت انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں داخل ہیں جبکہ اس وائرس سے ابتک مجموعی طور پر متاثر مریضوں کی مجموعی تعداد 5000کا ہندسہ پار کرنے کے قریب ہے۔ یہ بات فیڈرل ہیلتھ منسٹری کی جانب سے منعقد ہونے والی پریس کانفرنس میں بتائی گئی۔ ہیلتھ منسٹری کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 افراد جاں بحق ہوئے جس کے نتیجے میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز یہ تعداد 122 تھی۔ بلجیم میں 32000کے قریب لوگوں کا ٹیسٹ کرنے کے بعد اس وقت 4937 کنفرم کیس ہیں۔ 

تازہ ترین