• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخیر حضرات کرونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں بھرپور تعاون کریں، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس وقت ملکی صورتحال میں ہمارا فرض ہے کہ ہم مزدوروں اور محنت کشوں اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کے خاندانوں کو مکمل سپورٹ کریں۔ مجھے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے فون، میسیج اور دیگر ذرائع سے میری صحت کے لئے دعائیں کی ہیں میں ان تمام کا مشکور ہوں کہ ان کی ان دعاؤں سے مجھے حوصلہ ملا ہے۔ میری تمام مخیر حضرات سے استدعا ہے کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے قائم کئے گئے کرونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں بھرپور تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےاپنے ٹوئیٹر پیغام کے ذریعے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ الحمد اللہ میری صحت بہت بہتر ہے تاہم میں کرونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد مکمل آئسولیشن میں ہوں لیکن میں اپنے گھر سے بیٹھ کر جو کچھ ممکن ہے وہ کام کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کرونا وائرس کی وبا سے لڑ رہی ہے اور پاکستان میں سندھ حکومت نے اس لڑائی کا آغاز پہلے روز سے ہی کیا ہے اور آج بھی ہم بھرپور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت جب پورے صوبے میں لاک ڈاؤن ہے ہمیں اپنے ان محنت کش بھائیوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا رہنا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر کما کر اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے ہیں۔

تازہ ترین