ملتان،لاہور،کوٹ ادو(آئی این پی،نامہ نگار)ملتان سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران67ا فراد کو گرفتار کر لیا گیا،سمیجہ آباد سے کالعدم تنظیم کے اہم رہنما ،کوٹ ادو میں 5مشتبہ افرادکوحراست میں لے لیا گیا،تفصیلات کے مطابق ملتان پولیس نے دہلی گیٹ اور احمدآباد کے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔دوسری طرف حساس اداروں نے ملتان کے علاقے سمیجہ آباد سے کالعدم تنظیم کے اہم رہنما کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔ملتان کے علاوہ جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع مظفرگڑھ،بہاولپور،ڈیرہ غازی خان،راجن پور،خانیوال،کبیروالا میں بھی حساس ادارے کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف مشترکہ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔کوٹ ادو میں بھی مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے گزشتہ روز محمود کوٹ پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر اٹک اور مہمند ایجنسی کے رہائشیوں اقبال مہمند ،نزاکت اعوان،وقاص اعوان،خالق محموداعوان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ انہیں مکان کرایہ پر دینے والے عاشق حسین ،اللہ وسایاسندیلہ کے خلاف بھی مقدمات درج کرلئے جبکہ پولیس سرورشہید نے سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ شخص عبدالعزیز کالرو کو گرفتار کرکے اسے مکان کرایہ پر دینے والے نیامت ارائیں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔پشاور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم چار افغان باشندوں سمیت23 افراد کو حراست میں لے لیا ،سرچ آپریشن کے دوران 200 سے زیادہ گھروں کی تلاشی لی گئی ۔